ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اے ٹی ایم کارڈ چوری کرکے ساڑھے تین لاکھ روپے بینک سے نکالنے والے میاں بیوی گرفتار

اے ٹی ایم کارڈ چوری کرکے ساڑھے تین لاکھ روپے بینک سے نکالنے والے میاں بیوی گرفتار

Wed, 05 Jul 2017 14:57:58    S.O. News Service

منگلورو 5؍جولائی (ایس او نیوز)چرائے گئے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے بینک کھاتے سے3,59,000نکالنے والے تمل ناڈو کے میاں اور بیوی کی جوڑی کو منگلورو ساؤتھ پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے سونے کی چین اور2,20,000 روپے نقد بر آمد کرلیے ہیں۔گرفتار شدہ جوڑی کے نام سیلوام(۳۱ سال) اور ا س کی بیوی فاطمہ(۲۸سال) بتائے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ گھریلو ملازمہ کے طورمنگلورو فالنیر میں جوئیس نامی خاتون کے ہاں کام کررہی تھی۔امسال 14اپریل سے اس نے ملازمت چھوڑ دی تھی، مگر جاتے جاتے وہ الماری موجود اے ٹی ایم کارڈ اور اس ڈائری پر ہاتھ صاف کرنے میں کامیاب ہوگئی جس میں اے ٹی ایم پاس ورڈ کی تفصیلات درج تھیں۔ اسی کے ساتھ جوئیس بھی بیرونی ملک چلی گئی۔ لیکن جب وہ واپس وطن پہنچی تو اس کے موبائل پر بینک کے مسیجس تھے جس کے مطابق16مئی سے 26جون کے دوران اس کے کھاتے سے 12مرتبہ رقم نکالی گئی تھی جو3,59,000روپے بنتی تھی۔

جوئیس نے اس سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کروائی تو پولیس نے تحقیقات شروع کی اور پھر وہ جوائیس کی سابقہ ملازمہ اور اس کے شوہر کو گرفتار کرنے اور چرائی گئی رقم کا ایک بڑا حصہ اور چوری کی رقم سے خریدی گئی 20گرام وزنی سونے کی چین بر آمد کرنے میں کامیاب ہوگئی۔اس کیس کو منگلورو ساؤتھ پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر بیلی اَپّانے اپنے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں حل کیا۔


Share: